ملیکہ بخاری نے بھی تحریک انصاف چھوڑ دی
اسلام آباد : ملیکہ بخاری نے بھی پاکستان تحریک انصاف چھوڑ دی جس کا اعلان انہوں نے پریس کانفرنس میں کیا۔
اپنی پریس کانفرنس میں ملیکہ بخاری نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہوں ، ہر پاکستانی کیلئے 9 مئی کے واقعات تکلیف دہ ہیں۔
ملیکہ بخاری نے پارٹی عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چاہتی ہوں بحثیت وکیل پاکستان میں اہم کردار ادا کروں، چاہتی ہوں کہ اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزاروں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات ہوں گی تو چیزیں سامنے آئیں گی، 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دینی چاہیے, جیل کی مشکلات کا سامنا مشکل ہے, دلیری کےساتھ ان مشکلات کا سامنا کیا، مئی کی گرمی میں اڈیالہ جیل میں ایک دن گزاریں تو مشکلات کا اندازہ ہو، اگر سرخ لکیر کو کراس کیا جاتا ہے تو قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے.
خیال رہے کہ ملیکہ بخاری کو کچھ دیر قبل اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا تھا۔ انہیں تھری ایم پی او کے تحت جیل میں نظر بند کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ 9 مئی کے روز القادر ٹرسٹ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں متعدد مقامات پر پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا اس دوران شرپسند کارکنوں نے ریاستی اور فوجی تنصیبات پر دھاوا بول دیا۔
3 روز کے پرتشدد احتجاج کے دوران 8 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے، اس دوران ریاست و فوجی املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا، ملکی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومت پاکستان نے کئی روز تک انٹرنیٹ معطل رکھا۔
بعد ازاں حکومت نے 9 مئی کو یوم سیاہ قرار دیتے ہوئے شرپسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جس میں آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔
9 مئی کے بعد سے عمران خان کے کئی قریبی ساتھیوں سمیت کئی ارکان پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرچکے ہیں، یہی نہیں متعدد کارکنان نے فوجی تنصیبات پر حملوں کے پیچھے عمران خان کی کئی پالیسیوں کو مورد الزام ٹھہرا رہے ہیں۔