2023 کی اولین سہ ماہی کے دوران سب سے زیادہ مقبول ایپ کونسی رہی؟
یہ کوئی راز نہیں کہ تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے میٹا، اسنیپ چیٹ یا یوٹیوب سب ٹک ٹاک کو ایک خطرے کے طور پر دیکھتے ہیں اور اس کے مقابلے کے لیے خود کو بھی ویسا ہی بنارہے ہیں۔
اب بھی امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی لگنے کا امکان ہے جبکہ متعدد ممالک میں سرکاری ڈیوائسز میں اس کا استعمال روک دیا گیا ہے، مگر پھر بھی اس ایپ کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئی۔
موبائل ایپس کی تجزیہ کار کمپنی ڈیٹا اے آئی کے مطابق 2023 کے اولین 3 ماہ کے دوران ٹک ٹاک دنیا بھر میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپ رہی۔
درحقیقت جنوری سے مارچ 2023 کے دوران ڈاؤن لوڈ میں نمبرون رہنے کے ساتھ ساتھ صارفین کی جانب سے سب سے زیادہ پیسے بھی ٹک ٹاک پر خرچ کیے گئے۔
ٹک ٹاک کی ہی ایڈیٹنگ ایپ کیپ کٹ اس فہرست میں 5 ویں نمبر پر موجود ہے، جس نے اسنیپ چیٹ، ٹیلیگرام اور فیس بک میسنجر جیسی ایپس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اس فہرست میں انسٹاگرام دوسرے اور فیس بک تیسرے نمبر پر رہے جبکہ واٹس ایپ کے حصے میں چوتھا نمبر آیا۔
جہاں تک ماہانہ متحرک صارفین کی بات ہے تو اس میں فیس بک، واٹس ایپ، انسٹاگرام اور فیس بک میسنجر بالترتیب پہلے سے چوتھے نمبر پر رہے جس کے بعد 5 ویں پر ٹک ٹاک موجود ہے۔
اس سے قبل ٹک ٹاک 2022 میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی ایپ قرار پائی تھی۔
2020 سے ٹک ٹاک ہر سال سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی ایپ ثابت ہو رہی ہے اور 2022 میں سے اسے 67 کروڑ 20 لاکھ ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔