عمران اپنے ہی آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی ناکام بنانا چاہتے ہیں، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے ہی آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی ناکام بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ سڑکوں پر افراتفری اور فتنہ وفساد اسی ایجنڈے کا حصہ ہے، بزدل شخص عدالت کو تلاشی نہیں دیتا کیونکہ وہ مجرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان چاہتا ہے ملک میں عدم استحکام کی آگ بھڑکے، یہ نہیں چاہتا غریب کو مہنگائی، معاشی دباؤ سے نجات ملے، عمران خان نہیں چاہتاپاکستان کیلئے وسائل کی راہ ہموار ہو۔

ان کا کہنا تھاکہ عمران خان کا عدالتوں سے بھاگنا بزدلی کی انتہا ہے، پہلےآئی ایم پروگرام سےبھاگے،اب عدالتوں سےبھاگ رہےہیں، پہلے اپنے وعدوں، نظریات سے بھاگے، اب عدالتوں سے بھاگ رہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ نوازشریف، مسلم لیگ ن کی قیادت نے نیب نیازی گٹھ جوڑ کے بدترین انتقام کا سامنا کیا، اپنے بیٹوں، بیٹیوں اور بہنوں سمیت جھوٹے مقدمات میں عدالتوں اور قانون کے آگے پیش ہوئے، مسلم لیگ(ن)کے رہنما سزائے موت کی چکیوں میں رہے، ہیروئن جیسے جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا۔