پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی، کراچی کنگز ٹورنامنٹ سے آؤٹ
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) سیزن 8 کے 23 ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 35 رنز سے شکست دے دی۔
پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 208 رنز کا ہدف دیا جواب میں لاہور قلندرز 19.4 اوورز میں 172 رنزبناکرآؤٹ ہوگئی۔
لاہور کی جانب سے حسین طلعت 63 اور شاہین آفریدی 52 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پشاور کے وہاب ریاض اور ارشد اقبال نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں راولپنڈی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پشاور زلمی کی پوری ٹیم آخری اوور میں 207 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
صائم ایوب نے 36 گیندوں پر 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس کے بعد کپتان بابر اعظم 50، محمد حارث 9، ٹام کوہلر 36 اور رومن پاول 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن اس کے بعد پشاور زلمی کے تمام کھلاڑی جلد ہی آؤٹ ہوگئے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے راشد خان نے 2، حارث رؤف نے 2 اور کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 4 وکٹ لی۔
ٹاس کے بعد کی گئی گفتگو میں شاہین شاہ کا کہنا تھا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دیتے، ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے شاویز کو شامل کیا ہے،کوشش کریں گے کہ پشاورزلمی کو 150 رنزتک محدود کریں ۔
پی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت لاہور قلندرز 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور پشاور زلمی چوتھے نمبر پر ہے، لاہور قلندرز 8 میچ کھیل کر 6 میں فاتح ہوئے جبکہ پشاور زلمی نے 7 میچز کھیل کر 4 جیتے ہیں۔
کراچی کنگز اب باضابطہ طور پر پی ایس ایل 8 سے باہر ہوگئی ہے۔