بھارت کو ٹیسٹ میں شکست: آسٹریلیا ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گیا

اندور ٹیسٹ میں آسٹریلیا کیلئے پھیلائے جال میں خود بھارتی ٹیم پھنس گئی، تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کھانے کے وقفے سے بھی پہلے آسٹریلیا بھارت کو9  وکٹ سے ہرا کر آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گیا،دوسری ٹیم کونسی ہوگی؟

بھارتی شہر اندور میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان 4 میچز پر مشتمل سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں پہلے تو آسٹریلین اسپنرز میتھیو کوہنیمن اور میتھیو لائن نے بھارتی ٹیم کو پہلی اننگز میں 109 رنز پر چلتا کیا۔

پھر بیٹنگ میں عثمان خواجہ کی 60 رنز کی اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں197 رنز بنائے ،تاہم بھارت کی دوسری اننگز میں میتھیو لائن بھارتی بیٹرز پر قہر بن کر ٹوٹے ، ایک ایک کر کے وکٹیں گراتے رہے ، 64 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، بھارتی ٹیم163رنز بنا سکی۔

آسٹریلیا کو ٹیسٹ جیتنے کے لیے 76 رنز کا ہدف ملا ، اس کی پہلی وکٹ صفر پر ہی گر گئی لیکن پھر ٹریوس ہیڈ نے 49 اور لبوشین نے 28 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر آسٹریلیا کو نو وکٹ سے فتح دلا تے ہوئے ٹیسٹ چیمپئن کے فائنل میں پہنچا دیا۔

چار ٹیسٹ میچز کی سیریز میں بھارت کو دو ایک کی برتری حاصل ہے  ۔