کراچی کنگز کی واپسی، ملتان سلطانز کو 66 رنز سے شکست دے دی

پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) کے آٹھویں ایڈیشن کے چودھویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 66 رنز  سے شکست دیدی۔

کراچی کنگز  نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے جس میں ڈیبیو کرنے والے طیب طاہر نے 46 گیندوں پر 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اس کے علاوہ میتھیو ویڈ 46 اور جیمز ونس 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان عماد وسیم 14 اور شعیب ملک 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

 ملتان سلطانز کی جانب سے احسان اللہ نے 2 جب کہ انور علی نے ایک وکٹ لی۔

کراچی کنگز کی جانب سے دیے گئے 168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 101 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

محمد رضوان 29 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ شان مسعود نے 25 رنز کی اننگز کھیلی، ان دونوں کے علاوہ ملتان کا کوئی بھی بولر وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 17 ویں اوور میں 101 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

کراچی کنگز کی جانب سے شعیب ملک اور تبریز شمسی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 2، 2 وکٹیں عماد وسیم اور عاکف جاوید کے حصے میں آئیں۔ تبریز شمسی کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 

قبل ازیں کراچی کے نیشنل بینک ارینا میں ہونے والے میچ میں سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیتا اور عماد وسیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

ٹاس کے وقت گفتگو کرتے ہوئے کراچی کے کپتان عماد وسیم نے ٹیم مٰن ہونے والی تبدیلیوں سے متعلق بتایا کہ موسیٰ خان،طیب طاہر اورتبریز شمسی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔

عماد نے بتایا کہ آج کے میچ کے لیے ٹیم سے عمران طاہر،حیدرعلی اور محمد عمر کو ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے۔

کپتان کراچی کنگز کا کہنا تھا کہ ہم اس پچ پر پہلے بیٹنگ کرناچاہتے تھے،ہوم پچ پر کھیلنے کا تجربہ ہے۔

دوسری جانب محمد رضوان کا کہنا تھا کہ پچ کا اندازہ نہیں اس لیےبولنگ کو ترجیح دی ہے، ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی کنگز  اور ملتان سلطانز نے ایونٹ میں اب تک 5،5میچز کھیلے ہیں جن میں سے کراچی کو صرف 1 جب کہ ملتان کو 4 میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت ملتان 8 پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہے جب کہ کراچی 2 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔