پاکستان  کی نئی ائیر لائن ’کے ٹو ائیرویز‘ کا افتتاح جلد ہوگا

پاکستان میں نئی ائیر لائن ’K2 Airways‘ اپنے افتتاح کے آخری مراحل میں داخل ہوگئی اور جلد اپنے آپریشنز کا آغاز کرنے والی ہے۔

کمپنی کی پریس ریلیز کے مطابق اس ائیرلائن کو متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی تاجر اور دیگر تجارت پیشہ ور افراد کا تعاون حاصل ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق K2 ائیرویز پاکستان کی کمرشل ایوی ایشن میں ’ایمبرئیر ای جیٹس‘ متعارف کرانے والی ملک کی پہلی نجی ائیر لائن ہوگی۔

پریس ریلیز کے مطابق رواں سال ایمبرئیر ای-190 جہازوں کے ذریعے اندرون ملک پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، جس کا مقصد پاکستان کے کم استعمال آنے والے اور چھوٹے ہوائی اڈوں کو کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے جوڑنا ہے تاکہ پاکستانی مسافروں کیلئے سفر کو آسان بنایا جا سکے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ا ئیرلائن کی لانچ میں تعاون کرنے والے کاروباری افراد پاکستان میں ایک مضبوط، تکنیکی طور پر موزوں، ڈیجیٹل اور جدید آٹومیشن ٹولز کو استعمال کرنے والا ایوی ایشن ادارہ بنانے کے حیرت انگیز جذبے سے سرشار ہیں، انہوں نے اپنی ٹیم میں نوجوانوں اور متحرک پیشہ ور افراد کو شامل کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ائیرلائن کے سی ای او طارق راجا ہیں جو کہ الیکٹرانک انجینیئر ہیں اور ان کے خاندان کا تعلق پاکستان ائیرفورس سے ہے۔

تمام سرٹیفکیشن اور منظوریوں کے بعد ائیرلائن اسی سال اپنے آپریشنز کا آغاز کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔