شاعر ،دانشور اور ڈرامہ نگار امجد اسلام امجد کو لاہور میں سپرد خاک کر دیا گیا
معروف شاعر ، دانشور اورڈرامہ نگار امجد اسلام امجد کو لاہور کے میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
امجد اسلام امجد کی نماز جنازہ ڈیفنس فیز 1 کی جامع مسجد میں ادا کی گئی جس میں مرحوم کے عزیز و اقارب ، ادبی حلقوں کی شخصیات اور اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
نمازجنازہ کے بعد امجد اسلام امجد کا جسد خاکی تدفین کیلئے میانی صاحب لایا گیا، تدفین کے وقت بھی امجد اسلام امجد کے چاہنے والے بڑی تعداد میں موجود تھے ۔
واضح رہے کہ امجد اسلام امجد کو گزشتہ روز ہارٹ اٹیک ہوا تھا جو جاں لیو ثابت ہوا، ان کی عمر 78 برس تھی۔
امجد اسلام امجد کے مشہور ڈرامے اور شعری مجموعہ
امجد اسلام امجد نے شاعر، ڈرامہ نگار اور نقاد کی حیثیت سے شہرت حاصل کی، ان کے مشہور ڈراموں میں وارث ،دن اور فشار شامل ہیں، امجداسلام امجد کا شعری مجموعہ برزخ اورجدیدعربی نظموں کےتراجم عکس کےنام سے شائع ہوئے مزید برآں افریقی شعراکی نظموں کا ترجمہ کالے لوگوں کی روشن نظمیں کےنام سےشائع ہوا۔
امجد اسلام امجد کو ستارہ امتیاز، صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سمیت کئی ایوارڈ سے نوازاگیا ۔