ترکیہ اور شام میں زلزلہ: کئی ممالک نے امدادی ٹیمیں روانہ کردیں
ترکیہ اور شام میں ہلاکت خیز زلزلےکے بعد عالمی برادری نے دونوں ممالک سے اظہار یکجہتی کیا ہے اور امداد کی پیشکش کی ہے جبکہ کئی ممالک نے امدادی سرگرمیوں میں شرکت کیلئے ریسکیو ٹیمیں روانہ کردی ہیں۔
ترکیہ اور شام شدید زلزلہ آیا ہے اور 7.9 شدت کے زلزلے سے متعدد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جس کے باعث مجموعی طور پر ہلاکتیں 1400 سے تجاوز کرگئیں اور سیکڑوں افراد زخمی ہیں۔
ترکیہ میں تباہ کن زلزلے کے بعد عالمی برادری نے یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور امریکا نے ترکیہ کو زلزلے میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
اس کے علاوہ فرانس، یوکرین اور اسرائیل نے بھی امدادی سرگرمیوں میں مددکی پیشکش کی ہے۔
آذربائیجان، نیدرلینڈز اور رومانیہ سے ریسکیو ٹیمیں ترکیہ اور شام کے متاثرہ علاقوں میں پہنچ رہی ہیں جو فوری طور پر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں گی۔
یورپین کمیشن کے مطابق ترکیہ میں زلزلے کے بعد بلغاریہ، کروشیا، فرانس، یونان، ہنگری پولینڈ سمیت کئی ممالک نے اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کو فوری تیاری کا حکم جاری کردیا ہے اور ٹیمیں جلد ہی متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں شریک ہوں گی۔
یورپین پارلیمنٹ کے صدر کا کہناہے کہ یورپ مشکل کی گھڑی میں ترکیہ اور شام کے ساتھ کھڑا ہے۔
دوسری جانب ترکیہ میں عوام بھی زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں رضاکارانہ طور پر حصہ لینے کیلئے مختلف شہروں سے پہنچ رہے ہیں۔