مسجد میں خودکش دھماکا، وزیراعظم حالات کا جائزہ لینے پشاور پہنچ گئے

پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکےکے بعد  وزیراعظم شہباز شریف حالات کا جائزہ لینے پشاور  پہنچ گئے۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیےکے مطابق شہباز شریف کو دھماکے سے متعلق تمام پہلؤوں پر بریفنگ دی جائےگی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف دھماکے میں زخمی ہونے والے افرادکی عیادت بھی کریں گے، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ ، وزیر دفاع خواجہ آصف اور  وفاقی  وزیر اطلاعات   مریم اورنگزیب  بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود ہیں۔

خیال رہے کہ پشاور کی  پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 32 ہوگئی ہے جب کہ 140 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال نے دھماکے میں اب تک 32 افراد کے شہید ہونے کی تصدیق کی ہے جن میں 18 پولیس اہلکار شامل ہیں جب کہ دھماکے میں 140 سے زائد افراد زخمی ہیں جن میں سے بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔