زرداری نے میرے قتل کیلئے دہشتگرد تنظیم کو پیسہ دے دیا، عمران خان
سابق وزیراعظم عمران خان نے آصف زرداری پر اپنے قتل کی سازش کرنے کا الزام لگا دیا۔
اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری نے انہیں قتل کرانے کیلئے ایک دہشتگرد تنظیم کو پیسہ دے دیا ہے اور طاقتور لوگ منصوبے میں سہولت کار ہیں۔
عمران نے کہا کہ مجھے پتا چلا کہ قتل کی سازش ہوئی ہے تو میں نے ویڈیو بناکر باہر بھجوائی، ویڈیو میں بتایا کہ یہ چار لوگ ہیں جو سازش میں شریک ہیں، ویڈیو سے متعلق جلسے میں بتایا اس کی وجہ سے وہ پیچھے ہٹ گئے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے مزید بتایا کہ پلان بی میں انھوں نے توہین مذہب کا الزام لگا کر حملہ کرنا تھا، میرے خلاف پوری سازش کی، توہین مذہب کی مہم چلائی، یہ اپنے پلان میں تقریباً کامیاب ہوگئے تھے مگر زندگی اور موت اللہ دینے والا ہے۔
عمران خان نے الزام عائد کیا کہ اب ان کا پلان سی بنا ہوا ہے اور آصف زرداری اس کے پیچھے ہے، کرپشن کا پیسہ آصف زرداری کے پاس بے تحاشہ ہے، سندھ حکومت سے جو پیسہ لوٹتا ہے وہ الیکشن پر لگاتا ہے ایم پی ایز خریدتا ہے ، آصف زرداری نے ایک دہشگرد تنظیم کو یہ پیسہ دیا ہے، قوم کو بتارہوں کہ جو نام میں نے دیے ہیں آصف زرداری کے علاوہ وہ نام بھی آنے ہیں، مجھے کچھ ہوا تو ساری قوم کو پتا ہونا چاہیے کہ کن لوگوں نے یہ کرایا، میں نے ان کے نام لکھے ہوئے ہیں تاکہ لوگوں کو ان کا پتہ چلے، ان کا پلان ہے کہ کسی طرح سے مجھے راستے سے ہٹایا جائے ، ان کی کوشش ہے کہ کسی طرح تحریک انصاف کو ہرایا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ رجیم چینج آپریشن کرنے والے غلطی کو درست کرنے کے بجائے ملک مزید دلدل میں دھنساتے چلے جا رہے ہیں۔ غلطی درست کرنے کا طریقہ صرف نیا الیکشن تھا مگر تحریک انصاف کی کامیابی کے خوف سے الیکش نہیں کرایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام ان لوگوں کو کبھی ووٹ نہ دیں جن کا پیسہ اور جائیدادیں ملک سے باہر ہیں۔