شان مسعود کو نائب کپتان بنا کر غلطی کی گئی: عاقب جاوید

سابق فاسٹ بولر اور لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید شان مسعود کو نائب کپتان بنانا غلط فیصلہ قرار دیدیا۔

عاقب جاوید ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں  گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ اگلے 8 ماہ میں تو ٹیسٹ نہیں ، یہ سب ایجنڈہ کی بنیاد پر کام ہو رہا ہے اور پراپیگنڈہ ہے، یہ بات درست ہے کہ تینوں فارمیٹ کو ایک ساتھ لے کر چلنا چیلنج ہے۔

انہوں نے کہا کہ کپتان اور کوچز کے لیے مشکل ہوتا ہے لیکن اس سلسلے میں پہلے تیاری تو کر لیں، ابھی ہم سے ایک ٹیم پوری نہیں ہوتی اور ہم الگ الگ ٹیموں کی بات ہو رہی ہے۔

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ یہ سب نئی مینجمنٹ کمیٹی کی سوچ نہیں، دوسرے لوگوں کی خواہش ہے، میں سمجھتا ہوں کہ نئی مینجمنٹ کمیٹی کو پول آف پلیئرزبڑھانے پر کام کرنا ہوگا، ابھی ہم ہر فارمیٹ کے الگ کپتان بنانے کے لیے تیار نہیں ہیں، کبھی ہم آسٹریلیا بننا چاہتے ہیں تو کبھی ہم انگلینڈ بننا چاہتے ہیں ، پہلے ان کی کامیابی کی کہانی سے تو سیکھو۔

عاقب جاوید نے کہا کہ شان مسعود کو نائب کپتان بنا کر غلطی کی گئی، یہ ہونا نہیں چاہیے تھا، شاداب خان وائٹ بال کرکٹ کے نائب کپتان ہیں اگر وہ انجرڈ ہے تو پھر آپ کو نائب کپتان کا اعلان کرنے کی ضرورت نہیں تھی، بابر اعظم کو اگر کسی وجہ سے گراؤنڈ سے باہر جانا پڑتا ہے تو کوئی سینئر ذمہ داری سنبھال لے جیسا کہ ٹیسٹ میچ میں سرفراز احمد نے ذمہ داری سنبھالی، اگر سرفراز ٹیم میں ہے تو وہ سنبھال لے ورنہ محمد رضوان سنبھال لیتا، شان مسعود کو نائب کپتان بنا کر اچھا فیصلہ نہیں کیا گیا۔