ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں جھڑپ، 2 دہشتگرد ہلاک

خیبر پختونخوا کے ضلع کرم کے علاقے اراوالی میں دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے  نتیجے میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے۔

انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے، مارے گئے دہشت گردوں سے ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز کےخلاف دہشتگردی میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوئے جن میں صوبیدار شجاع محمد، نائیک محمد رمضان اور سپاہی عبدالرحمان شامل ہیں۔

 سکیورٹی فورسز کا علاقے میں کلیرنس آپریشن جاری ہے، پاک فوج دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

وزیراعظم نے ضلع کرم میں دہشت گردوں کےخلاف بھرپورکارروائی پرپاک فوج کوخراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہدا صوبیدار شجاع محمد، نائیک محمد رمضان اور  سپاہی عبدالرحمان کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں اور اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف آہنی عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے، پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کرنے والوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، قوم کی دعائیں بہادرافواج کے ساتھ ہیں۔