وزیراعلیٰ پنجاب ڈی نوٹیفائی: پرویز الٰہی نے گورنر کا نوٹیفکیشن عدالت میں چیلنج کردیا
لاہور: پرویز الٰہی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے سے ہٹانے کے گورنر پنجاب کے حکم اور نوٹیفکیشن کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
پرویز الٰہی نے درخواست میں بذریعہ پرنسپل سیکرٹری اور چیف سیکرٹری گورنر کو فریق بنایا ہے جب کہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ اسپیکر کو وزیر اعلیٰ کے اعتماد کے ووٹ کے لیے اجلاس بلانے کا کہا تھا، اسمبلی کا اجلاس پہلے سے چل رہا ہے اس لیے اسپیکر نے نیا اجلاس نہیں بلایا۔
درخواست میں کہا گیا ہےکہ اسپیکر کے اجلاس نہ بلانے پر وزیراعلیٰ اور کابینہ کو ڈی نوٹیفائی کرنا غیر آئینی ہے، اسپیکر کے کسی اقدام پر وزیر اعلیٰ کے خلاف کارروائی نہیں ہوسکتی۔ پرویز الٰہی نے اپنی درخواست میں وزیراعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا گورنر کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔