سی این این اور نیویارک ٹائمز سمیت نامورصحافیوں کے ٹوئٹر اکاؤنٹس معطل
معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر نے کئی بڑے بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے صحافیوں کے اکاؤنٹس معطل کر دیے۔ امریکی میڈیا کے مطابق جن خبر رساں اداروں کے صحافیوں کے اکاؤنٹس معطل کیے گئے ہیں ان میں سی این این، نیو یارک ٹائمز اور واشنگٹن پوسٹ کے کئی صحافی بھی شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹوئٹرنے صحافیوں کے اکاونٹس کی معطلی کی وضاحت نہیں کی تاہم اس حوالے سے ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے لکھا کہ صحافیوں پر وہی قوانین لاگو ہوتے ہیں جو دیگر لوگوں پر لاگو ہوتے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک ٹائمز نے ٹوئٹر کی پابندیوں کو قابل اعتراض قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ تمام صحافیوں کے اکاؤنٹس بحال کر دیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ دو روز قبل ایلون مسک کے پرائیویٹ جہاز کو آن لائن ٹریک کرنے والا ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی معطل کیا گیا تھا۔