دورہ آسٹریلیا اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے قومی ویمن اسکواڈ کا اعلان
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ آسٹریلیا اور آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے قومی ویمن اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ دورہ آسٹریلیا اور ورلڈکپ کے لیے 15 رکنی ویمن اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے جس میں فاسٹ بولر ڈیانا بیگ کی واپسی ہوئی ہے جب کہ طوبیٰ حسن اور سعدیہ اقبال بھی انجریز سے ریکور ہونے کے بعد ٹیم کا حصہ بن گئی ہیں۔ پاکستان ویمن ٹیم جنوری میں آسٹریلیا میں وائٹ بال سیریز کھیلے گی اور ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 10 سے 26 فروری تک جنوبی افریقا میں ہوگا جب کہ دونوں ایونٹس کے لیے قومی ویمن ٹیم کی قیادت بسمہ معروف کریں گی۔
دورہ آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز کے لیے اسکواڈ میں کپتان بسمہ معروف ،عالیہ ریاض، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، غلام فاطمہ، کائنات امتیاز، منیبہ علی، نشرہ سندھو، ندا ڈار ، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرا امین اور سدرا نواز شامل ہیں جب کہ ٹریولنگ ریزروز میں ایمن انور، جویریہ خان اور طوبیٰ حسن کو رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں بھی یہی کھلاڑی شامل ہیں تاہم ریزروز میں غلام فاطمہ، کائنات امتیاز اور صدف شمس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سلیم جعفر قائم مقام ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ جب کہ توفیق عمر بیٹنگ کوچ ہوں گے۔
قومی ویمن ٹیم کی چیف سلیکٹر اسماویہ اقبال کا کہنا تھا کہ بہترین ٹیموں کا انتخاب کرنے کی کوشش کی ہے، تمام کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات ہیں۔ چیف سلیکٹر کے مطابق دورہ آسٹریلیا میں ٹیم ون ڈے میچز 16 ، 18 اور 21جنوری کو کھیلے گی اور ٹی ٹوئنٹی میچز 24 ،26 اور 29 جنوری کو ہوں گے۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم 12 فروری کو بھارت کے خلاف میچ کھیلے گی جب کہ 15 فروری کو آئرلینڈ، 19 فروری کو ویسٹ انڈیز اور 21 فروری کو انگلینڈ سے مقابلہ ہوگا۔