انسانی حقوق کے عالمی دن پر وزیراعظم شہبازشریف کا پیغام
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں عدم مساوات اور نا انصافی سے پاک معاشرے کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے۔ انسانی حقوق کے عالمی دن پر وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر لازم ہے کہ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے محروم رکھا ہے، حق خود ارادیت لوگوں کی اجتماعی اور انفرادی آزادی کا نام ہے، حق خود ارادیت کو دہشتگردی اور انسداد دہشتگردی کے بیانیے کے ذریعے پامال کیا گیا، فوجی کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کے آزادی کے حق کو کچلنے کی کوشش کی گئی۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھےگا، اس سلسلے میں ہمیں اپنی اجتماعی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بانیِ پاکستان کے ویژن کو فراموش نہیں کرناچاہیے، قائداعظم ایک آزاد ملک چاہتے تھے جہاں ہر ایک کو مساوی حقوق حاصل ہوں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس سال کا تھیم وقار، آزادی اور انصاف سب کیلئے ہے، یہ نظریات شہری، اقتصادی، سماجی سیاسی خوشحالی کیلئے ضروری ہیں، پاکستان کا آئین ان اقدار کو بطور بنیادی حقوق شامل کر کے اس وژن کی ترجمانی کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ سال پاکستان کیلئے خاصا مشکل رہا ہے، معاشی عدم استحکام، سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے عوام نے بہت نقصان اٹھایا، ہمیں پائیدار ترقی کے ایجنڈا 2030 کے اہم اصولوں سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔