ملتان میں 16 سال بعد پہلا ٹیسٹ، انگلینڈ کی ٹاس جیت کر پاکستان کیخلاف بیٹنگ
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 16 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز ہوگیا جہاں انگلینڈ کی ٹیم ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف بیٹنگ کررہی ہے۔ دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،پچ پر انگلش کھلاڑی زیک کرولی اور بین ڈکٹ موجود ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں اظہر علی ، نسیم شاہ اور حارث رؤف کو کو ڈراپ کرکے محمد نواز ، فہیم اشرف اور ابرار احمد کو شامل کیا گیا ہے، دوسرے ٹیسٹ میں لیگ اسپنر ابرار احمد ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔
دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم میں لیام لیونگسٹن کو آؤٹ کرکے مارک ووڈ کو پلیئنگ الیون میں شامل کرلیا گیا ہے جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں بین فوکس کی جگہ اولی پوپ ہی وکٹ کیپنگ کریں گے۔
ٹاس کے موقع پر کی گئی گفتگو میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم میں فہیم اشرف اور ابرار احمد کی واپسی ہوئی ہے اور اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی بیٹنگ ہی کرتے۔ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کے بعد نسیم شاہ کندھے کی انجری کاشکار ہوگئے ہیں۔ ملتان ٹیسٹ کے پہلے روزکاپہلا سیشن 10 بجےسےساڑھے 12 بجے ، دوسرا سیشن دوپہر ڈیڑھ بجے سے 3 بجے جبکہ تیسرا سیشن 3 بج کر 20 منٹ سے5 بج کر 20 منٹ تک ہو گا۔