پنڈی ٹیسٹ: انگلینڈ نے پاکستان کو 74 رنز سے شکست دے دی
انگلینڈ نے راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کو 74 رنز سے شکست دیکر تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ کھیل کے آخری روز انگلینڈ کے 343 رنزکے رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 268 رنزبناکرآؤٹ ہوگئی۔ انگلش ٹیم نے 22 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انگلینڈ نے اس سے قبل دسمبر 2000 میں کراچی میں پاکستان کو 6 وکٹ سے ہرایا تھا۔
کھیل کے پانچویں اور آخری روز پاکستان نے دوسری اننگز 2 وکٹ کے نقصان پر 80 رنز سے شروع کی تو ابتدا میں ہی امام الحق 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ امام کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد رضوان اور سعود شکیل نے انگلش بولرز کے خلاف مزاحمت کی اور 87 رنز کی شراکت قائم تاہم محمد رضوان 46 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
سعود شکیل نے ڈیبیو ٹیسٹ میں 50 رنز مکمل کیے اور 76 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، آغا سلمان 30 اور ریٹائرڈ ہرٹ ہونے والے اظہر علی 40 رنز بنا کر روبنسن کا شکار بنے۔ اس کے بعد اینڈرسن نے زاہد محمود اور حارث رؤف کو آؤٹ کیا۔ جیک لیچ نے نسیم شاہ کو آؤٹ کرکے ٹیم کو فتح دلائی اور یوں 22 سال بعد انگلش ٹیم نے پاکستان میں ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کی۔ انگلش ٹیم کی جانب سے اینڈرسن اور رابنسن نے 4، 4 جبکہ لیچ اور بین اسٹوکس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کے اولی رابنسن عمدہ بولنگ پر پلیئرآف دی میچ قرار پائے۔ انگلینڈ نے 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔