بجلی سستی کرنے کی درخواست، نیپرا کا بجلی کی کھپت میں کمی پر اظہار تشویش
اسلام آباد: سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے فی یونٹ بجلی 30 پیسے سستی کرنے کی درخواست کر دی۔
فروری کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر نیپرا میں سماعت ہوئی، جس میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے فی یونٹ بجلی 30 پیسے سستی کرنے کی درخواست کی۔
سی پی پی اے کے مطابق ایل این جی کے نرخوں میں کمی ہونے سے بجلی کی قیمت کم ہو رہی ہے۔
سماعت میں بجلی کی کھپت میں کمی سے متعلق نیپرا نے تشویش کا اظہار کیا اور ممبر ٹیکنیکل رفیق شیخ نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں بجلی کی گروتھ کیاہوگی،کوئی اسٹڈی ہے؟
اس حوالے سےسی پی پی اے کا مؤقف تھا کہ ڈسکوز کی سطح پر اسٹڈی کرائی جا رہی ہیں، ڈیموں میں پانی کی کمی پر منہگے ذرائع سے بجلی پیداوار بڑھ سکتی ہے۔
سماعت میں ممبر نیپرا رفیق شیخ نے کہا کہ آج ڈسکوز کو یہاں ہونا چاہیے تھا، ترسیلی نقصانات کے باعث صارفین پر کتنا بوجھ پڑا ہے؟
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ ملک میں بجلی کی طلب میں کمی پر پاور ڈویژن اسٹڈی کرائے، پن بجلی کی گرتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں پلان تیار کیا جائے۔
فروری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کیلئے سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے جو بعد میں جاری کیا جائے گا۔