2024 میں پاکستان میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات
گوگل سرچ انجن کے بغیر انٹرنیٹ صارفین کی زندگی مکمل نہیں ہوسکتی۔
روزانہ ہی گوگل پر اربوں موضوعات کو سرچ کیا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ سرچ انجن کی جانب سے ہر سال کے اختتام پر سب سے زیادہ مقبول سرچز کی فہرست کو جاری کیا جاتا ہے۔
گوگل نے 2024 کے دوران پاکستانی عوام کی جانب سے سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات کی فہرست جاری کی ہے۔
گوگل نے مجموعی طور پر 6 مختلف کیٹیگریز میں پاکستانیوں کی پسندیدہ سرچز کی فہرست جاری کی ہے۔
کرکٹ، ہاؤ ٹو، ریسیپی، موویز اور ڈرامہ، ٹیکنالوجی اور شخصیات ان کیٹیگریز میں شامل ہیں۔
کرکٹ
اس فہرست میں ٹی 20 ورلڈ کپ سرفہرست رہا جس کے بعد پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا میچ دوسرے نمبر پر رہا۔
تیسرے پر پاکستان بمقابلہ بنگلادیش، چوتھے پر پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا جبکہ پاکستان بمقابلہ بھارت 5 ویں نمبر پر رہا۔
فلمیں اور ٹی وی شوز
اس سال کی فہرست کو دیکھ کر لگتا ہے کہ 2024 میں پاکستانی بالی وڈ فلموں یا شوز کے دیوانے رہے۔
سیریز ہیرا منڈی کو پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کیا گیا جس کے بعد 12th Fail (دوسرے) اور اینیمل (تیسرے) فلمیں رہیں۔
سیریز مرزا پور سیزن 3 چوتھے نمبر پر رہی جبکہ بالی وڈ فلم ستری 2 کے حصے میں 5 واں نمبر آیا۔
ریسیپیز
پاکستانی شہریوں کو کھانے پینے کا کافی شوق ہے اور 2024 میں بنانا بریڈ (Banana bread) بنانے کی ریسیپی کو سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔
مال پورہ بنانے کا طریقہ دوسرے نمبر پر رہا جس کے بعد گارلک بریڈ کی ریسیپی کے بارے میں سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔
چاکلیٹ چپ کوکیز اور توا کلیجی کی ریسیپیز کے حصے میں بالترتیب چوتھا اور 5 واں نمبر آیا۔
ٹیکنالوجی
اس کیٹیگری میں سرفہرست نام حیران کن نہیں کیونکہ گزشتہ 2 سال کے دوران دنیا بھر میں لوگوں کو اس نے اپنی جانب کھینچا ہے۔
یہ نام ہے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی چیٹ جی پی ٹی چیٹ کا۔
چیٹ جی پی ٹی لاگ ان کو 2024 میں پاکستانیوں نے گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا جس کے بعد بنگ امیج کریٹیر دوسرے جبکہ گوگل کا اے آئی ماڈل جیمنائی 5 ویں نمبر پر رہا۔