اسموگ: پنجاب بھر میں اسکول بند، نجی اداروں کے نصف عملے کو آن لائن شفٹ کرنے کا حکم

راولپنڈی: پنجاب حکومت نے بڑھتی اسموگ اور فضائی آلودگی کے باعث صوبے کے تمام اضلاع کے نجی و سرکاری اسکول بند کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

پنجاب میں بڑھتی ہوئی اسموگ اور فضائی آلودگی کے باعث تمام اسکولوں کو  17 نومبر تک مکمل بند رکھنے اور نجی اداروں کے نصف عملے کو آن لائن شفٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل پنجاب کے 8 اضلاع میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جن میں لاہور، فیصل آباد،گوجرانوالہ، ملتان، راولپنڈی، ڈی جی خان، سرگودھا اورساہیوال سمیت دیگر اضلاع شامل تھے تاہم پنجاب کے وزیر تعلیم نے اب صوبے بھر کے اسکول بند کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے تمام سرکاری اور نجی اسکول 17 نومبر تک بند رہیں گے جب کہ نوٹیفکیشن میں ہدایت دی گئی ہے کہ سرکاری اورنجی تعلیمی اداروں، ٹیوشن سینٹرزکو آن لائن سیشن پرمنتقل کیا جائے۔

حکام کے مطابق تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ ائیر کوالٹی انڈیکس میں اضافے اور فضائی آلودگی کےباعث سانس، آنکھوں،گلےکی بیماریاں بڑھنے پرکیا گیا ہے۔

وزیر تعلیم پنجاب کا بیان

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کا کہنا ہے کہ اسموگ کے بڑھتے اثرات کے پیش نظر تمام اضلاع میں اسکول بند کر رہے ہیں، فیصلہ اضلاع کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کی روشنی میں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی نقصان کا احساس ہے مگر تعلیمی ادارے بند کرنے کا اقدام مجبوراً اٹھا رہے ہیں، بچوں کو مہلک اثرات سے بچانے کے لیے  یہ انتہائی فیصلہ کرنا پڑا، آن لائن تدریس میں مشکلات کے پیش نظر متبادل حکمت عملی جلد لا رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *