پی ٹی آئی اسلام آباد میں احتجاج کی ہمت نہیں کریگی: طلال چوہدری

رہنما مسلم لیگ ن سینیٹر طلال چوہدری کا کہنا ہے پاکستان تحریک انصاف والے اسلام آباد میں احتجاج کا سوچ تو سکتے ہیں لیکن یہ احتجاج کی ہمت نہیں کریں گے۔

میڈیا نمائندو ں سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا عمران خان تاریخ میں سب سے زیادہ وی آئی پی قیدی ہیں، جیل میں ان کی ملاقاتیں ہو رہی ہیں، ملاقاتوں کے ساتھ انہیں سہولتیں بھی میسر ہیں، وی آئی پی قیدی کو وی آئی پی سہولتیں مل رہی ہیں۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا ایس سی او کانفرنس بڑی کانفرنس ہے، 200 وفود پاکستان آرہے ہیں، یہ کانفرنس کسی کی ذات کی نہیں، اس سے ملک کی معیشت اور مستقبل جڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی والے ایس سی او کانفرنس کو بہانا بنا رہے ہیں، یہ بہانا بنا کر ایس سی او پر حملہ آور ہونا چاہتے ہیں، احتجاج کی کال ریاست کو بلیک میل کرنے کیلئے ہے، یہ سوچ تو سکتے ہیں احتجاج کا لیکن احتجاج کرنے کی ہمت نہیں کریں گے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو ہونے جا رہا ہے جس میں دنیا کے مختلف ممالک کے 200 وفود شرکت کریں گے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں 15 اکتوبر کو احتجاج کی کال دے رکھی ہے اور اس حوالے سے ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ اگر 14 تاریخ تک بانی پی ٹی آئی سے ہماری ملاقات نہ کروائی گئی تو 15 کو ہر صورت ڈی چوک پر احتجاج ہو گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *