پاکستان میں سیاسی استحکام ہو تو یہ آئیڈیل ملک بن سکتا ہے: مریم نواز
لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام ہو تو یہ آئیڈیل ملک بن سکتا ہے اور ایک قوم بن کرملک کیلئے سوچیں توپاکستان کی تقدیربدل سکتی ہے۔
یوم آزادی پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مزار اقبال پر حاضری دیتے ہوئے پھولوں کی چادرچڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، اس دوران انہوں نے ملکی سالمیت، ترقی و خوشحالی اور استحکام کیلئے دعا کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا اور شاہی قلعہ کے عالمگیری دروازے پر پرچم کشائی کی جہاں بوائے اسکاؤٹس کے دستے نے سلامی پیش کی۔
یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہم پائندہ قوم ہیں، اللہ پاکستان کو ہمیشہ قائم رکھے، پاکستان اللہ کی طرف سے ہمارے لیے ایک عظیم نعمت ہے، قوم کو یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتی ہوں، گزشتہ روز قومی ہیرو ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے میاں چنوں گئی، پاکستانی قوم میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جتنا یہ وطن ہمارا ہے اتنا اقلیتوں کا بھی ہے، پاکستان میں ہر شخص کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملک کا نام مختلف میدانوں میں روشن کرنے کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے، افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملک کی ترقی میں حصہ ڈالنا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام ہو تو یہ آئیڈیل ملک بن سکتا ہے، ایک قوم بن کرملک کیلئے سوچیں توپاکستان کی تقدیربدل سکتی ہے، آزادی کی قدر ان قوموں سے پوچھیں جو ظلم کا شکار ہیں، ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہیے، وطن پرجان قربان کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔