امریکی صدرنےایران کے اسرائیل سے بدلے کی دھمکی سے پیچھےہٹنے کی امیدظاہر کردی
مریکی صدرنےامیدظاہر کی ہےایران بدلہ لینے کی دھمکی کے باوجود پیچھےہٹ جائےگا۔
خبرایجنسی کے دعویٰ کے مطابق ایک تقریب میں صحافیوں نے امریکی صدر سے سوال کیا کہ کیا ایران اسرائیل سے بدلہ لینے کے اپنے اعلان سے پیچھے ہٹ سکتا ہے؟
صحافیوں کے جواب میں جو بائیڈن نے امید ظاہر کرتےہوئے کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ ایران پیچھے ہٹ جائے گا لیکن مجھے پتا نہیں‘۔
دوسری جانب امریکی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ آج ایران کی جانب سے اسرائیلی حملوں کے خلاف جوابی کارروائی کا امکان ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق امریکی حکام کا خیال ہے کہ ایران کا حملہ 13 اپریل جیسا لیکن پہلے سے زیادہ وسیع پیمانے پر ہوگا اور ایران اس بار لبنان سے حزب اللہ کو بھی اپنے ساتھ شامل کرسکتا ہے۔
امریکی اور اسرائیلی عہدیداروں کے حوالے سے امریکی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ آج (پیر کے روز) ایران اور اس کی پراکسیز اسرائیل پر حملہ کرسکتے ہیں۔
ادھر وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیرجوناتھن فنر نے مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجیوں کی پوزیشن میں تبدیلی سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں فوجی اقدامات کا مقصد حملوں کو روکنا، دفاع کرنا اور علاقائی تنازعات سے بچنا ہے، امریکا اور اسرائیل ہر ممکن تیاری کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ علاقائی کشیدگی سے بچنے کیلئے امریکا، فرانس، برطانیہ، اٹلی اورمصر کی سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں۔
گزشتہ روز عراقی وزیراعظم سے بات چیت کے میں امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نےعلاقائی کشیدگی کم کرنے، تصادم سے بچنے اور استحکام کیلئے تمام فریقین کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا تھا۔
دوسری جانب امریکا، برطانیہ اور سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایت کر دی جبکہ کینیڈا نے اپنے شہریوں کو اسرائیل کے سفر سے بھی گریز کی ہدایت کی ہے۔