’صرف ایک شرط، وزیراعظم ریلیف دیں‘، حافظ نعیم کا اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان
لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے 12 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔
منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران حافظ نعیم نے کہا کہ شہباز شریف قوم کو ریلیف دیں اس سے پہلے کہ قوم بپھر جائے اور جانے کا راستہ بھی نہ ملے۔
انہوں نے 12 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنے پر بیٹھیں گے، اٹھنے کی صرف ایک شرط ہوگی کہ عوام کو ریلیف دیں، ہم انارکی اور جلاؤ گھیراؤ نہیں چاہتے، اگر اسلام آباد داخلے سے روکاگیا تو ہمارے پاس پلان بی اور سی موجود ہے، ہم کسی سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں عوام سے اتحاد کرلیاہے اور انہی سے مل کر دھرنا دیں گے، اسلام آباد جلاؤگھیراؤ یا گولی کیلئے نہیں اپنا حق لینے جارہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ یہ کہتے ہیں آئی ایم ایف راضی نہیں ہوا،گیس، بجلی ، پیٹرول کی قیمت تو بڑھا دی اب یہ سلسلہ نہیں رکے گا، آٹے، چینی اور دال پر ٹیکس لگاکر وزیراعظم کہتے مہنگائی کم ہوگئی ہے، یہ ہمارا ملک ہے، فوج اور بیوروکریسی عوام سے ہوتے ہیں، ہمیں کسی امپائر کی انگلی نہیں اٹھوانی، عوام کا حق لینے جارہے ہیں سب اداروں کو تعاون کرناہوگا، خواہ وہ اسلام آباد سے ہویا راولپنڈی سے۔