مباحثے میں مایوس کن کارکردگی، جوبائیڈن پر صدارتی دوڑ سے پیچھے ہٹنے کیلئے دباؤ بڑھ گیا
امریکی صدارتی مباحثے میں صدر بائیڈن کی مایوس کن کارکردگی کے بعد امریاک کے موجودہ صدر اور متوقع ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن پر صدارتی دوڑ سے پیچھے ہٹنے کے لیے دباؤ بڑھ گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق صدر جوبائیڈن پر صدارتی دوڑ سے پیچھے ہٹ جانے کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے تاہم بائیڈن انتظامیہ نےامریکی میڈیا کی خبروں کو افواہ قرار دے کر اسے مسترد کر دیا ہے۔
امریکی صدر جوبائیڈن صدارتی دوڑ سے دستبردار ہونےکے امکان کو مستردکر چکے ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ جب لوگ آپ سے مقابلے سے دستبردار ہونے کا کہیں تو اس وقت مقابلے کا زیادہ مزہ آتا ہے اور آپ کو مقابلے کے لیے زیادہ قوت ملتی ہے۔
دوسری جانب امریکا کی نائب صدر کملا ہیرس کا کہنا ہے کہ جو بائیڈن صدر تو منتخب ہو جائیں گے لیکن یہ مرحلہ تھوڑا مشکل ہو گا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر جو بائیڈن اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان صدارتی مباحثہ ہوا تھا جس میں ڈیموکریٹک اور ری پبلکن امیدواروں نے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کی تھی۔
امریکی میڈیا نے بھی مباحثے میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کارکردگی کو جو بائیڈن سے بہتر قرار دیا تھا۔