’را‘ کے سابق سربراہ اجیت دوول ایک بار پھر مودی کے قومی سلامتی کے مشیر مقرر
ئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر سابق ’را‘ چیف اجیت دوول کو اپنا قومی سلامتی کا مشیر مقرر کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مودی حکومت کی تیسری مدت میں اجیت دوول بطور مشیر قومی سلامتی اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ وزیراعظم مودی نے اجیت دوول کی بطور قومی سلامتی مشیر تقرری کی منظوری دی اور ان کی تقرری 10 جون سے کی گئی ہے جب کہ پی کے مشرا کو مودی کا پرنسپل سیکرٹری تعینات کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کا عہدہ کیبنٹ وزیر کے برابر ہوگا۔
واضح رہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے سابق سربراہ اجیت دوول کو پہلی مرتبہ 2014 میں قومی سلامتی کا مشیر بنایا گیا تھا اور وہ مودی کی گزشتہ دو حکومتوں میں یہ ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔