ورلڈکپ: امریکا کیخلاف بھارت کی جیت، اب پاکستان سپر 8 مرحلے میں کیسے پہنچ سکتا ہے؟
نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت نے امریکا کو 7 وکٹوں سے شکست دی اور سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
بھارت نے امریکا کا 111 رنز کا ہدف با آسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں حاصل کرلیا جس میں سوریا کمار یادیو 50 اور شیوم دوبے 31 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
بھارت کی امریکا کے خلاف جیت کے ساتھ ہی پاکستان کے سپر ایٹ میں کوالیفائی کرنے سے ایک رکاوٹ دور ہوگئی ہے۔
پاکستان نے اس ورلڈ کپ میں تین میچز کھیلے ہیں جس میں صرف کینیڈا کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے، پاکستان کے لیے سپر ایٹ کا راستہ مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔
گروپ اے کی ٹیموں کے درج ذیل نتائج ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے میں پاکستان کی کوالیفائی کو یقینی بنائیں گے۔
جون 14: امریکا بمقابلہ آئرلینڈ۔۔۔ پاکستان کو آئرلینڈ کی جیت درکار
جون 15: کینیڈا بمقابلہ بھارت۔۔۔ پاکستان کو بھارت کی جیت درکار
جون 16: آئرلینڈ بمقابلہ پاکستان۔۔۔ پاکستان کو جیت درکار
اگر مذکورہ بالا تمام میچوں کے وہی نتائج آتے ہیں جو درج ہیں تو پاکستان کے چار میچوں میں 4 پوائنٹس ہوں گے، بھارت کے پاس 8 اور امریکا اور پاکستان کے برابر پوائنٹس ہوں گے۔
گروپ مرحلے کے کھیلوں کے اختتام پر کینیڈا اور آئرلینڈ کے 2،2 پوائنٹس ہوں گے۔
اس کے باوجود پاکستان کو آئرلینڈ کے خلاف اپنے نیٹ رن ریٹ کو بہتر بنانے کے لیے بڑے مارجن سے جیت حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی کیونکہ اس کے اور امریکا کے پوائنٹس برابر ہوں گے لہٰذا نیٹ رن ریٹ کام آئے گا۔
مزید یہ کہ گرین شرٹس اور پاکستانی شائقین کو امید کرنی چاہیے کہ امریکا اور آئرلینڈ کے میچ میں امریکا نہ جیتے اور نہ ہی یہ میچ بارش کی نذر ہو ورنہ مشکل پاکستان کے لیے ہوگی۔