پاکستانی طلبا کو لیکر غیرملکی ائیرلائنز کی پرواز کرغزستان سے لاہور پہنچ گئی
پاکستانی طلبا کو لےکر ایک پرواز کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک سے لاہور پہنچ گئی۔
غیرملکی ائیرلائنز کی پرواز 11 بجے بشکیک سے لاہور پہنچی، غیرملکی ائیر لائنز کی پرواز سے 30 پاکستانی طلبا واپس آئے ہیں۔ بشکیک سے لاہور پہنچنے والے 30 طلبا میں ایک زخمی طالب علم بھی شامل ہے۔
بشکیک سے آنے والی پرواز میں 30 طلبا سمیت 140 افراد شامل ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لاہور ائیرپورٹ پر پاکستانی طلبا کا استقبال کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔
ذرائع کے مطابق کرغزستان سے ایک اور پرواز کل پاکستانی طلبا کو لے کر پاکستان پہنچے گی، پاکستانی طلبا کی واپسی کے لیے 1 ہفتے تک بشکیک سے روز ایک پرواز پاکستان پہنچے گی۔
دوسری جانب پاکستانی طلبا پر حملوں کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو کرغزستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، ان کے ہمراہ وفاقی وزیر امیر مقام بھی کرغزستان جائیں گے۔
دونوں وزراء کل صبح خصوصی طیارے کے ذریعے بشکیک روانہ ہوں گے، وزیر خارجہ بشکیک میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، وزیرخارجہ زخمی طلباء کو علاج کی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے اور پاکستانی طلبا کی وطن واپسی کےمعاملات کا جائزہ لیں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کرغزستان میں غیر ملکی طلبا مخالف فسادات پر گہری تشویش ہے، مشکل وقت میں پاکستان کے بیٹے اور بیٹیوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے ۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پاکستانی سفارتخانہ زخمی طلبا کو علاج و معالجے کی بہترین سہولیات میں معاونت یقینی بنائے اور جو طلبا پاکستان آنا چاہیں سرکاری خرچ پر ان کی فوری واپسی یقینی بنائیں۔