عرب لیگ کا فلسطینی علاقوں میں بین الاقوامی امن فوج تعینات کرنے کا مطالبہ
بحرین کے دارلحکومت منامہ میں منعقدہ عرب لیگ کے اجلاس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ دوریاستی حل پر عملدر آمد تک فلسطینی علاقوں میں بین الاقوامی امن فوج تعینات کی جائے۔
عرب لیگ کے 33ویں سربراہی اجلاس کے اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں جنگ فوری ختم کرے اور اسرائیلی فورسز مکمل طورپر غزہ کی پٹی سے انخلا کریں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دو ریاستی حل کو عملی جامہ پہنانے کی ذمہ داری سلامتی کونسل پر ہے، دو ریاستی حل پر عملدرآمد تک فلسطینی علاقوں میں بین الاقوامی امن فوج تعینات کی جائے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں کی ان کی اپنی سرزمین سے جبری بے دخلی کی اسرائیلی کوشش ناقابل قبول ہیں۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب متفقہ عرب کوششوں پر یقین رکھتا ہے، عرب ممالک کے مسائل کے حل کو ہمیشہ اولین ترجیح دی ہے۔
سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ عوامی عطیات مہم کے تحت فلسطین کے لیے 700 ملین ریال امداد فراہم کی،فلسطینی مسئلے کے حل کے لیے مشترکہ کوشش جاری رکھنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ یمن میں تنازع کے سیاسی حل کے خواہاں ہیں، بحیرہ احمر میں محفوظ تجارتی گزرگاہ عالمی ضرورت ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ بحرین نے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے بین الاقوامی کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کوجائز حقوق، امن اور آزادی سے محروم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، فلسطینی ریاست کو تسلیم کرتےہوئے اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت کی حمایت کرتے ہیں۔
شاہ بحرین نے کہا کہ فلسطینیوں کوبدترین صورتحال سے نکالنے کے لیے بین الاقوامی مؤقف کی ضرورت ہے۔