کے فور پراجیکٹ پر مزید تاخیر کی گنجائش نہیں: وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کراچی کے لیے پانی کے منصوبے کے فور پر مزید تاخیر کی گنجائش نہیں ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کے فور پروجیکٹ پر اجلاس ہوا جس میں منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کو چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری بلدیات اور پی ڈی واپڈا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کے فور مین اسٹریم ورکس 126 ارب روپے کا پراجیکٹ ہے جو وفاقی حکومت ادا کرے گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کےفور کی تعمیر 74 ارب روپے کی ہے جس میں 80 فیصد ڈونر ادارے اور 20 فیصد سندھ حکومت دیگی، کے بی فیڈر کی لائننگ 50 فیصد وفاقی حکومت اور 50 فیصد سندھ حکومت ادا کرے گی۔
مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ کے فور مین اسٹریم کے 8 کنٹریکٹ پیکیجز ہیں، کے فور مین اسٹریم کے تحت 52.62 ارب روپے میں سے 40.36 ارب روپے جاری ہو چکے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کے فور پراجیکٹ بہت تاخیر کا شکار ہو چکا، اس میں مزید تاخیر کی گنجائش نہیں، وفاقی حکومت سے کہیں گے کہ پی ایس ڈی پی سے فنڈز جاری کریں۔