عالمی عدالت انصاف کا غزہ میں خوراک کی بلاتعطل فراہمی میں رکاوٹیں ختم کرنے کا حکم
عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو حکم دیا ہے کہ وہ ایسی تمام ضروری اور مؤثر کارروائی کرے جس سے فلسطینی عوام کو بنیادی خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے اور قحط کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔
غزہ میں خوراک کی کمی سے جاں بحق بچوں کی تعداد 27 ہوگئی، غزہ میں نہتے فلسطینیوں کے قتل کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
مغازی کیمپ پر حملے میں مزید 8فلسطینی شہید ہوگئے، اسرائیل نے شام کے علاقے حلب پر بھی حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد شہری اور فوجی جاں بحق ہوگئے۔
دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن کی فنڈ ریزنگ مہم کے دوران غزہ جنگ بندی کے حق میں مظاہرہ کیا گیا۔
ادھر اردن کے دارالحکومت میں مسلسل پانچویں رات مظاہرہ کیا گیا، اسرائیلی سفارت خانے کی طرف بڑھتے مظاہرین پر سکیورٹی فورسز نے لاٹھی چارج بھی کیا۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہدا کی تعداد 32 ہزار 500 سے تجاوز کر چکی ہے۔