رمضان المبارک میں پی ایس ایل کے میچز کس وقت ہونگے؟
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 9 کے میچوں کے اوقات کا اعلان کر دیا جو کہ ہفتہ 17 فروری آج سے لاہور میں شروع ہوگا۔
پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ آپس میں ٹکرائیں گی، یہ میچ رات 8 بجے کھیلا جائے گا۔
جب ایک دن میں دو میچ ہوں گے یعنی ڈبل ہیڈر ہوگا اس دن پہلا میچ دوپہر 2 بجے شروع ہوگا جب کہ نائٹ میچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔
دوسری جانب پی سی بی نے رمضان المبارک کے دوران میچوں کے اوقات کا بھی اعلان کیا ہے، امکان ہے کہ رمضان المبارک کا آغاز 10 یا 11 مارچ سے ہوگا، تو رمضان میں پی ایس ایل کے میچز رات 9 بجے شروع ہوں گے تاکہ کرکٹرز سمیت شائقین نماز ادا کرکے اسٹیڈیم کا رُخ کرسکیں۔
واضح رہے کہ آج پہلے میچ سے قبل رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے ٹورنامنٹ کا آغاز کیا جائے گا جس میں ملک کے معروف فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جب کہ شائقین کے لیے آتش بازی اور لیزر شو کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب شام06:30 بجے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہو گی۔ شائقین کرکٹ کا داخلہ 03:30 بجے شروع ہوجائے گا۔افتتاحی تقریب میں گلوکار علی ظفر، آئمہ بیگ، عارف لوہار اور نوری پرفارم کریں گے۔
دوسری جانب دنیا بھر سے مختلف ممالک کے کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو جوائن کر لیا ہے جبکہ ٹیموں کا کہنا ہے کہ ان کہ تیاری مکمل ہے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل 9 میں 6 ٹیموں کے درمیان دو مرحلوں پر مشتمل 34 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ ایونٹ کا فائنل 18 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔