سابق اٹارنی جنرل شاہ خاور پی سی بی کے چیف الیکشن کمشنر تعینات
سابق اٹارنی جنرل اور سپریم کورٹ کے وکیل شاہ خاور ایڈووکیٹ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا چیف الیکشن کمشنر تعینات کر دیا گیا۔
وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شاہ خاور کو 10 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر 3 ماہ کیلئے پی سی بی کا چیف الیکشن کمشنر تعینات کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق شاہ خاور کو 4 فروری 2024 سے قبل پی سی بی کے الیکشن کروانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، شاہ خاور کو ریجنز اور پی سی بی کے چیئرمین کے الیکشن کروانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات عبوری مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف دیکھ رہے ہیں جن کی مدت میں رواں ماہ ہی نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے توسیع کی تھی۔