عمران خان نے کہا ہے ڈونلڈ لو کیخلاف امریکا میں کیس کریں گے: علیمہ خان
راولپنڈی: چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے انہیں اڈیالہ جیل میں پابند سلاسل بھائی نے بتایا کہ سائفر سازش میں امریکی سفارتخانہ پوری طرح ملوث تھا، امریکی سفیر ڈونلڈ لو کے خلاف امریکی عدالتوں میں کیس کریں گے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت بہت اچھی ہے، انہوں نے بتایا کہ اچھی روٹین بنی ہوئی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے کھانے کی کوئی شکایت نہیں کی گئی۔
علیمہ خان کا کہنا تھا سائفر کیس کا ہائیکورٹ سے اسٹے آرڈر ہو گیا ہے، وہ دفعات لگائی جا رہی ہیں جس پر ان کو سزائے موت اور عمر قید ہو سکتی ہے، بتایا جائے پی ٹی آئی چیئرمین نے ایسا کیا جرم کیا جس پر یہ دفعات لگائی گئیں، رانا ثنااللہ نے پی ٹی آئی چیئرمین پر کیس کیا، عمران خان کو پاکستان میں انصاف ملنا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ امریکی سفارتخانہ سازش میں پوری طرح شامل تھا، پاکستانی عدالتوں سے انصاف نہ ملا تو ڈونلڈ لو کے خلاف امریکا میں کیس کریں گے۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ایف آئی اے نے سائفر کیس میں گرفتار کیا تھا اور ان کے خلاف سیکریٹ ایکٹ کے تحت اڈیالہ جیل میں مقدمہ چل رہا ہے، اسی کیس میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی بھی زیر حراست ہیں۔