آئی فون 16 سیریز کے بارے میں لیکس کا سلسلہ شروع

آئی فون 15 سیریز کو متعارف ہوئے ابھی زیادہ عرصہ نہیں ہوا مگر آئندہ سال کے لیے ایپل کی نئی ڈیوائسز کے بارے میں لیکس سامنے آنے لگی ہیں۔

بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق آئی فون 16 سیریز کے تمام ماڈلز میں خصوصی آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) فیچرز کا اضافہ کیا جائے گا۔

رپورٹ میں اے آئی فیچرز کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں مگر یہ واضح کیا گیا کہ یہ نئے فیچرز ایپل کے نئے فونز کی جانب صارفین کو کھینچنے میں اہم ترین کردار ادا کریں گے۔

خیال رہے کہ کچھ عرصے پہلے ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایپل کی جانب سے چیٹ جی پی ٹی کے طرز پر اے آئی چیٹ بوٹ تیار کیا جا رہا ہے۔

ایپل کی جانب سے ڈیجیٹل اسسٹنٹ Siri کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے اور اس میں بھی اے آئی ٹیکنالوجی کا اضافہ کیا جائے گا۔

آئی فون 16 سیریز کے چاروں ماڈلز میں ایپل کے اے 18 پراسیسر کو دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ آئی او ایس 18 بھی اس کا حصہ ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق اس سیریز کے فونز میں بڑی ہارڈ وئیر تبدیلیاں کیے جانے کا امکان نہیں۔

البتہ پرو ماڈلز میں دائیں جانب پاور بٹن کے قریب ایک نیا بٹن دیے جانے کا امکان ہے جبکہ 5 ایکس آپٹیکل زوم بھی کیمرا سیٹ اپ کا حصہ ہو سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *