روس نے غزہ کیلئے 27 ٹن امداد روانہ کردی
روس نے انسانی بنیادوں پر غزہ کے لیے 27 ٹن امداد روانہ کردی۔
خلیجی میڈیا کے مطابق روسی حکام کا کہنا ہےکہ روس نے غزہ کی پٹی پر متاثرہ افراد کے لیے بذریعہ مصر انسانی امداد بھیجی ہے جس کو لے کر خصوصی پروازیں ماسکو سے اڑان بھر چکی ہیں۔
روسی حکام کے مطابق امداد میں گندم، چینی، چاول اور پاستا شامل ہے جسے مصر کے ریڈ کریسینٹ تنظیم غزہ کی پٹی پر بھیجے گی۔
دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے امدادی سامان کے 20 ٹرکوں پر مشتمل پہلی کھیپ رفح کراسنگ کے ذریعے جنوبی غزہ روانہ کرنے کا کہا ہے۔
جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ امدادی سامان کی پہلی کھیپ میں انتہائی ضروری سامان بھجوایا جائے گا جب کہ امدادی سامان کی دوسری کھیپ کا فیصلہ حالات کو دیکھ کر کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کے اسپتال کو نشانہ بنا کر 500 فلسطینیوں کو شہید کرنے کے واقعے کے ایک روز بعد ہی امریکی صدر نے اسرائیل کا دورہ کیا تھا جہاں جوبائیڈن نے اسرائیل کو کلین چٹ دیتے ہوئے اسپتال پر حملے کی ذمہ داری فلسطینی گروپ پر ڈالی۔