اسرائیلی جارحیت محض فلسطین پر نہیں پوری انسانیت پر حملہ ہے: نواز شریف
اسلام آباد: قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے اسرائیلی جارحیت کو محض فلسطین پر نہیں، پوری انسانیت پر حملہ قرار دیدیا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں نواز شریف نے لکھا کہ ہزاروں معصوم شہریوں کی شہادت، انسانی ضمیر کیلئے بہت بڑا سوال ہے۔
سابق وزیراعظم نے مزید لکھا کہ دنیا کو جان لینا چاہیے کہ مسئلہ فلسطین کے مستقل حل کے بغیر پائیدار امن خطرے میں رہےگا، پاکستان ہمیشہ کی طرح آج بھی اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کو چاہیے ہر عالمی فورم پر فلسطینی کازکے حق میں آوازا ٹھائے، حکومت فلسطینی عوام کو خوراک، ادویات، ضروریات کی فراہمی کیلئے فوری کارروائی کرے۔
یاد رہے کہ گزشتہ 9 روز سے جاری اسرائیلی بربریت میں اب تک 2600 سے زائد فلسطینی شہید اور 10 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیل نے غزہ کا مکمل محاصرہ کر رکھا ہے اور غزہ تک امدادی سامان لے جانے کی اجازت بھی نہیں ہے، اسرائیلی بمباری سے اسپتال اور اسکول بھی محفوظ نہیں ہیں۔