اینڈرائیڈ 14 آپریٹنگ سسٹم کے 7 بہترین فیچرز
گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ فونز کے لیے نیا آپریٹنگ سسٹم 4 اکتوبر کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔
یہ کمپنی اپنے نئے اسمارٹ فونز کے ساتھ اینڈرائیڈ 14 آپریٹنگ سسٹم کو متعارف کرائے گی۔
گوگل کی جانب سے اس کا باضابطہ اعلان تو نہیں کیا گیا مگر اس کے نئے فونز کے ساتھ ہی نئے آپریٹنگ سسٹم کو پیش کیا جاتا ہے۔
اس نئے آپریٹنگ سسٹم میں متعدد نئے فیچرز کا اضافہ کیا جائے گا جن میں سے چند بہترین فیچرز درج ذیل ہیں۔
کسٹمائزڈ لاک اسکرین
اینڈرائیڈ 14 کا ایک بہترین فیچر لاک اسکرین سے متعلق ہوگا۔
کسٹمائزڈ لاک اسکرین کے ذریعے صارفین کلاک ڈیزائن اور اسکرین کلرز کو تبدیل کر سکیں گے جبکہ مختلف کارآمد فیچرز کے شارٹ کٹس، کیو آر کوڈ اسکیننگ، فلیش لائٹ اور دیگر کو استعمال کرنا بھی ممکن ہوگا۔
سیٹلائیٹ سپورٹ
ایپل کی جانب سے 2022 میں سیٹلائیٹ کے ذریعے ایمرجنسی ایس او ایس بھیجنے کا فیچر متعارف کرایا گیا تھا جس نے متعدد زندگیاں بچانے میں کردار ادا کیا۔
اب یہی فیچر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کا حصہ بھی بننے والا ہے۔
گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ 14 میں سیٹلائیٹ کنکٹویٹی کا فیچر متعارف کرایا جا سکتا ہے۔
ابھی یہ تو واضح نہیں کہ یہ فیچر کس طرح کام کرے گا مگر یہ ضرور معلوم ہے کہ کسی شکل میں اسے آپریٹنگ سسٹم کا حصہ بنایا جائے گا۔
بیٹری لائف کو بہتر بنایا جائے گا
اینڈرائیڈ 14 میں بیٹری لائف کو بہتر بنانے پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔
یہ کوئی بہت زیادہ بڑی تبدیلی تو نہیں ہوگی مگر بیک گراؤنڈ ٹاسکس کو بہتر کرکے بیٹری لائف کو کچھ بہتر کیا جائے گا۔
گوگل کی جانب سے ایک پرانے فیچر کو بھی واپس متعارف کرایا جا رہا ہے جسے اینڈرائیڈ 12 میں نکال دیا گیا تھا۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین دیکھ سکیں گے کہ آخری بار فون فل چارج کرنے کے بعد انہوں نے کتنا وقت اسکرین دیکھتے ہوئے گزارا جس سے صارفین کو یہ تعین کرنے میں مدد ملے گی کہ کونسی ایپ ان کی بیٹری کو زیادہ چوستی ہے۔
نوٹیفکیشن فلیشز
نوٹیفکیشن فلیشز کوئی نیا فیچر تو نہیں بلکہ کچھ کمپنیوں کے فونز میں اس طرح کا فیچر موجود ہے مگر اب اسے باضابطہ طور پر آپریٹنگ سسٹم کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
اگر کوئی صارف اس فیچر کا انتخاب کرے گا تو نوٹیفکیشن موصول ہونے پر فون کی ٹارچ یا اسکرین فلیش کرے گی۔
ایپس کی فائلز تک رسائی پر زیادہ کنٹرول
اینڈرائیڈ 14 میں ایک نیا آپشن متعارف کرایا جا رہا ہے جس سے صارفین مخصوص ایپس کی فوٹوز کی رسائی تک محدود کر سکیں گے۔
فونٹس زیادہ بڑے کرنا ممکن
اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں بڑے فونٹس کا استعمال تو کافی عرصے سے ہو رہا ہے مگر اب اس فیچر کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
گوگل کی جانب سے فونٹ سائز کو 200 فیصد تک بڑھانے کا آپشن اینڈرائیڈ 14 میں دیا جائے گا۔
پرانی ایپس کو انسٹال کرنا ممکن نہیں ہوگا
اینڈرائیڈ 14 میں پرانی ایپس کو انسٹال کرنے سے روکا جائے گا۔
گوگل کے مطابق اس فیچر کا مقصد ان ایپس کے استعمال سے روکنا ہے جو اینڈرائیڈ 5 یا اس سے پہلے کے آپریٹنگ ورژنز کے لیے تیار کی گئی تھیں۔
اس طرح فونز کی سکیورٹی بہتر ہوگی کیونکہ پرانی ایپس کے استعمال سے پرائیویسی اور سکیورٹی کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔