پیپلز پارٹی نے لطیف کھوسہ کی پارٹی رکنیت معطل کردی
پاکستان پیپلز پارٹی نے سینئر قانون دان اور سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن لطیف کھوسہ کی پارٹی رکنیت معطل کر دی۔
ترجمان پیپلز پارٹی کی جانب سے لطیف کھوسہ کی پارٹی رکنیت معطل کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔
پیپلز پارٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نے لطیف کھوسہ کی سی ای سی کی رکنیت بھی معطل کر دی ہے۔
ترجمان پیپلز پارٹی کے مطابق لطیف کھوسہ نے مدت پوری ہونے کے باوجود شوکاز نوٹس کا جواب نہیں دیا۔
یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری کی جانب سے پارٹی پالیسیوں کے برعکس چیئرمین پی ٹی آئی کی وکالت کرنے پر لطیف کھوسہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے لطیف کھوسہ نے ایک نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی میری جماعت ہے اور کوئی بھی مجھے پیپلز پارٹی سے نہیں نکال سکتا، جب شوکاز نوٹس ملے گا تو اس کا جواب دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کروں گا۔