کنور نوید کی عدم موجودگی میں مخالفین کا ایم کیو ایم سے نمٹنا آسان ہوگیا: خالد مقبول
متحدہ قومی موومنٹ( ایم کیو ایم) پاکستان کے کنونیر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ کنور نوید کی عدم موجودگی میں مخالفین کا ایم کیو ایم سے نمٹنا آسان ہوگیا۔
حیدرآباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ بچپن سے پچپن تک کا سفر رائیگاں نہیں گیا، کنور نوید کی عدم موجودگی میں مخالفین کا ایم کیو ایم سے نمٹنا آسان ہوگیا۔
ادھر متحدہ قومی موومنٹ کے تحت لیاقت آباد میں جنرل ورکرز اجلاس سے مصطفیٰ کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج صورتحال انتہائی افسوس ناک ہے، ہم پیپلزپارٹی کےکرپٹ سسٹم سے نبردآزما ہیں۔
اجلاس میں ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق نے کہا کہ کراچی میں ایک قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں کا اضافہ ہوا ہے، ایم کیوایم اصولوں کی سیاست جاری رکھے گی۔
واضح رہے سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے خلاف اتحاد کے لیے سیاسی جماعتوں کے رابطے ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان ، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) اور جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) میں مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ایم کیوایم، جی ڈی اے اور جے یو آئی کے وفود کی کئی ملاقاتوں میں مختلف نکات پر اتفاق بھی ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے خلاف سندھ بھر میں مشترکہ امیدوار کھڑے کرنے پر اتفاق ہوا ہے اور طے پایا ہےکہ جس حلقے میں جس جماعت کی اکثریت ہوگی وہاں کوئی اتحادی اپنا امیدوار کھڑا نہیں کرےگا۔