بندوق کے زور پر کسی کو اپنا ایجنڈا نافذ کرنیکی اجازت نہیں دی جائیگی: نگران وزیر داخلہ
نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ ملک میں اسمگلنگ کے خلاف مہم جاری ہے اور کسی کو بندوق کے زور پر اپنا ایجنڈا نافذ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نےخصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ( ایس آئی ایف سی) اجلاس کے بعد وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس بریفنگ کی جس دوران ان کا کہنا تھا کہ کسی قسم کا تشدد قبول نہیں کیا جائےگا اور بندوق کے زور پر کسی کو اپنا ایجنڈا نافذ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ ملک میں اسمگلنگ کےخلاف مہم جاری ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر اسمگلنگ کے خاتمےکے لیےکام کر رہی ہیں، غیر قانونی تارکین وطن سے متعلق پالیسی مرتب کی ہے۔
دوسری جانب نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو سرمایہ کاری کرنے پر طویل مدتی ویزے دیے جائیں گے۔
نگران وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ ٹیکس کے نظام کو ڈیجیٹلائز کیاجا رہاہے۔
نگران وفاقی وزیر برائے قانون و ماحولیاتی تبدیلی عرفان اسلم نے کہا کہ پانی کی بچت سےمتعلق جامع پالیسی جلد لائی جائے گی۔