سپریم کورٹ نے پاناما جے آئی ٹی رپورٹ کا والیم ٹین کھولنے کی درخواست واپس لینے پر نمٹا دی
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پاناما جے آئی ٹی رپورٹ کا والیم ٹین کھولنے کی درخواست واپس لینے پر نمٹا دی۔
سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت کے دوران جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ براڈ شیٹ نے بین الاقوامی ثالثی کے لیے والیم ٹین کھولنے کا کہا تھا، ثالثی کا عمل مکمل ہوچکا ہے اس لیے درخواست غیر مؤثر ہوچکی ہے۔
دورانِ سماعت براڈ شیٹ کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ یہ معاملہ ابھی غیر مؤثر نہیں ہوا ہے، بتایا جائے کہ والیم ٹین میں ایسا کیا ہے کہ اسے خفیہ رکھا جائے۔
وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ آرٹیکل 19 اے کے تحت عوام کا حق ہے کہ وہ دیکھیں کیسے ملک کو لوٹا گیا جس پر جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ہم اس طرف نہیں جائیں گے کیونکہ اس میں تو ایک منتخب وزیراعظم کو ہٹایا گیا تھا۔
بعد ازاں عدالت نے پاناما جے آئی ٹی رپورٹ کا والیم ٹین کھولنے کی درخواست واپس لینے پر نمٹا دی۔