نائجر میں فوج نے بیرونی فوجی مداخلت کے خدشے کے پیش نظر فضائی حدود بند کر دیں
افریقی ملک نائجر میں فوج نے فضائی حدود بند کر دیں۔ گزشتہ ماہ نائجر فوج نے بغاوت کرتے ہوئے صدر محمد بازوم کی حکومت کا تختہ اُلٹ دیا تھا۔
بعد ازاں منتخب حکومت کا تختہ الٹنے والے صدارتی گارڈز کے کمانڈر جنرل عبد الرحمان چیانی المعروف جنرل عمر چیانی نے خود کو سربراہ مملکت قرار دے دیا تھا۔
قوم سے خطاب میں جنرل عبد الرحمان کا کہنا تھاکہ ملک کی سکیورٹی کی بگڑتی صورتحال اور بیڈ گورننس کے باعث حکومت کا تختہ الٹنے کا فیصلہ کیا گیا۔
کچھ روز قبل نائجر کے معزول صدر محمد بازوم نے ملک میں فوجی بغاوت کی کامیابی کی صورت میں دنیا کو بڑی تباہی سے خبردار کردیا تھا۔
نائجر کے معزول صدر محمد بازوم نے امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں لکھے گئے مضمون میں عالمی برادری سے ان کی حکومت واپس دلوانے کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی خبردار کیا کہ ملک میں فوجی بغاوت کی کامیابی کی صورت میں دنیا کے لیے خطرناک نتائج ہوں گے۔
محمد بازوم نے اپنے مضمون میں لکھاکہ امریکا سمیت دیگر عالمی برادری ان کے ملک میں آئین کی بحالی کے لیے ضرور مدد کریں۔
تام اب نائجر فوج نے فضائی حدود بیرونی فوجی مداخلت کے خدشے کے پیش نظر بند کی ہیں۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ نائجر فوج نے مغربی افریقی ممالک کی صدر محمدبازوم کی بحالی کیلئے دی جانے والی ڈیڈلائن کو بھی مسترد کر دیا۔