آئی فون 15 پرو کا ڈیزائن کیسا ہوگا؟ واضح تصویر سامنے آگئی
ایپل کے نئے آئی فون ماڈلز کے حوالے سے لیکس کا سلسلہ جاری ہے۔
اب ایک نئی لیک میں آئی فون 15 پرو ماڈل کے ڈیزائن کی واضح جھلک سامنے آئی ہے۔
درحقیقت اس رپورٹ میں آئی فون 15 پرو کے ممکنہ ڈیزائن کا موازنہ آئی فون 14 پرو سے کیا گیا ہے جس سے واضح فرق کا عندیہ ملتا ہے۔
اس تصویر سے اندازہ ہوتا ہے کہ آئی فون 15 پرو کے فرنٹ ڈسپلے میں کناروں کی پٹی یا بیزل گزشتہ سال کے ماڈل کے مقابلے میں نمایاں حد تک کم ہوں گے۔
رپورٹ میں فون کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں مگر دونوں ماڈلز کے ڈیزائن میں واضح فرق ضرور نظر آتا ہے۔
خیال رہے کہ آئی فون 15، 15 پلس، 15 پرو اور 15 پرو میکس (یا آئی فون 15 الٹرا) کو ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
آئی فون 15 اور آئی فون 15 پرو میں 6.1 انچ جبکہ آئی فون 15 پلس اور آئی فون 15 پرو میکس میں 6.7 انچ کا ڈسپلے دیا جائے گا۔
اس سال آئی فون 15 سیریز کے تمام ماڈلز کے ڈسپلے میں آئی لینڈ ڈیزائن کو اپنایا جائے گا۔
2022 میں صرف آئی فون 14 پرو اور 14 پرو میکس میں آئی لینڈ ڈیزائن فرنٹ کیمرے کے لیے استعمال کیا گیا تھا جبکہ باقی دونوں ماڈلز میں نوچ ڈیزائن موجود تھا۔
ایپل کی جانب سے آئی فون 15 سیریز میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ بھی دی جائے گی، جس کا مطالبہ صارفین کافی عرصے سے کر رہے ہیں۔
اس وقت آئی فون کو لائٹننگ کیبل سے چارج کیا جاتا ہے جبکہ اینڈرائیڈ کے لیے اب زیادہ تر فونز میں یو ایس بی سی پورٹ کو چارجنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ 11 سال بعد پہلی بار ہوگا جب ایپل کی جانب سے آئی فونز میں ایسی تبدیلی کی جائے گی۔
ایک اور لیک کے مطابق آئی فون 15 پرو اور 15 پرو میکس میں پہلی بار ایسا کیمرا لینس متعارف کرایا جائے گا جو آپٹیکل زوم کو دوگنا بڑھا دے گا۔
اس وقت آئی فون میں 3 ایکس آپٹیکل زوم کیا جا سکتا ہے مگر آئی فون 15 کے پرو ماڈلز سے 6 ایکس زوم کرنا ممکن ہوگا۔
یہ نیا کیمرا پیری اسکوپ ٹیکنالوجی سے لیس ہوگا اور زومنگ کے دوران تصویر کا معیار متاثر نہیں ہوگا۔