9 اگست کو اسمبلیاں تحلیل کر دی جائیں گی: خورشید شاہ
وزیر دفاع خواجہ آصف کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل خورشید شاہ نے بھی نگران وزیراعظم کے لیے 5 نام شارٹ لسٹ کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔
دو روز قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک بیان میں کہا تھا کہ نگران وزیراعظم کے لیے 5 نام شارٹ لسٹ کر لیے گئے ہیں اور نگران وزیراعظم کا فیصلہ تمام اتحادیوں سے مشاورت کے بعد ایک ہفتے میں ہو جائے گا۔
اب وفاقی وزیر برائے آبی وسائل خورشید شاہ نے بھی خواجہ آصف کے بیان کی توثیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کے لیے پانچ نام شارٹ لسٹ کر لیے گئے ہیں۔
خورشید شاہ نے کوئی نام بتائے بغیر کہا کہ نگران وزیراعظم کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے ناموں میں سیاستدان اور بیوروکریٹس دونوں ہو سکتے ہیں تاہم کسی سیاسی جماعت کا عہدیدار نگران وزیراعظم نہیں بن سکتا۔
ان کا کہنا تھا نہیں جانتے کہ نگران وزیراعظم کے لیے اسحاق ڈار کا نام کس نے دیا، 9 اگست کو اسمبلیاں تحلیل کر دی جائیں گی، نگراں وزیراعظم کون ہو گا اس کا حتمی فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ان کی حکومت کی مدت 12 اگست کی رات 12 بجے پوری ہو رہی ہے، مدت پوری ہونے سے قبل اسمبلیاں تحلیل کرنے کی سمری صدر کو ارسال کر دیں گے۔