ایشین گیمز کرکٹ ایونٹ کیلئے پاکستان مینز ٹیم کا اسکواڈ فائنل کرلیا گیا
ایشین گیمز کرکٹ ایونٹ کیلئے پاکستان مینز ٹیم کا اسکواڈ فائنل کرلیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہینگزو ایشین گیمز مینز کرکٹ ایونٹ میں پاکستان کی قیادت قاسم اکرم کریں گے، ایشین گیمز میں شرکت کرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم میں قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے پلیئرز بھی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کی فہرست پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کو بھجوا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیم میں عامر جمال، آصف علی، ارشد اقبال، عرفات منہاس اور عثمان قادر شامل ہیں۔
اس کے علاوہ حیدر علی، خوشدل شاہ، مرزا طاہر بیگ، محمد حسنین، محمد اخلاق، عمیر بن یوسف، قاسم اکرم، روحیل نذیر ، شاہنواز دھانی اور صفیان مقیم بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ ایشین گیمز 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک چین میں ہوں گے۔ ایشین گیمز میں کرکٹ کے مقابلے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہوں گے۔