جی بی اسمبلی: پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک بن گیا، صورتحال دلچسپ موڑ اختیار کر گئی
سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی جعلی ڈگری اسکینڈل میں نااہلی کے بعد جی بی کی سیاسی صورتحال دلچسپ رخ اختیار کر گئی ہے۔
خالد خورشید کے مقابلے میں الیکشن لڑنے والے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے امیدواروں نے خالد خورشید کی ڈگری کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا تھا جس پر چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعلیٰ جی بی کو نوٹس جاری کیا تھا۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی ڈگری لندن کی تھی اور انہیں گلگت بلتستان بار کونسل نے وکالت کا لائسنس جاری کیا تھا لیکن لندن کی یونیورسٹی کی جانب سے ڈگری کی تصدیق نہیں کی گئی تھی جس پر گزشتہ روز عدالت خالد خورشید کو نااہل قرار دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نے خالد خورشید کے باعث وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے لیے راجہ اعظم کا نام تجویز کیا جس کی پارٹی چیئرمین نے بھی منظوری دیدی ہے۔
سپریم ایپلٹ کورٹ گلگت بلتستان نے وزیراعلیٰ کا انتخاب روک دیا ہے، 33 رکنی اسمبلی میں 19 ارکان کی اکثریت رکھنے والی پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک بن گیا ہے۔
فارورڈ بلاک بنانے والے گلبر خان کا دعویٰ ہے کہ انہیں مزید تین پی ٹی آئی ارکان کی حمایت حاصل ہے۔