لاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق

لاہور میں موسلادھار بارشوں سے 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، شہر کی سڑکیں تالاب بن گئیں اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

کینال روڈ پر نہر کا پانی سڑکوں پر بہہ نکلا،  چائنہ اسکیم اور گڑھی شاہو میں بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔ لکشمی چوک میں سب سے زیادہ 295 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے سبب چھت گرنے اور کرنٹ لگنے اور دیگر واقعات میں 2 بچوں اور خاتون سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ لاہور میں آج رات 9 بجے بارش کا ایک اور اسپیل متوقع  ہے۔

 نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ کوشش ہے رات کی بارش سے پہلے صبح کی بارش کا پانی نکال دیں۔

لاہورمیں آج ہونے والی موسلا دھار  بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔

مصری شاہ میں چھت گرنے سے میاں بیوی اور بچہ جاں بحق ہوگیا۔ چونگی امرسدھو میں بجلی کا تارپانی میں گرنے کے بعد کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوا۔

ادھر باغبان پورہ میں کھمبے میں کرنٹ آنے سے نوجوان احتشام جاں بحق ہوا، ہنجروال میں بھی گیارہ سالہ بچہ پانی میں کرنٹ لگنے سے دم توڑ گیا۔

لاہور کے کینال روڈ پر نہر کا پانی سڑکوں پر آگیا، نہر کے پانی کے ساتھ مچھلیاں بھی سڑکوں پر  آگئیں۔

کلمہ چوک انڈرپاس میں ننھی مچھلیوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

لاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جہاں شہر میں 10 گھنٹوں کے دوران 295 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ لکشمی چوک میں سب سے زیادہ 295 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ایم ڈی واٹراینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا)  کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں اور مون سون کے جوبن کی وجہ سے لاہور بارش کی زد میں آگیا ہے  جس سے شہر میں 10گھنٹوں میں ریکارڈ توڑ بارش ہوئی اور شہر بھر کے درجن سے زائد علاقوں میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شہر بھر کی انتظامیہ اور واسا لاہور کے تمام افسران و اسٹاف نکاسی آب کے لیے مکمل متحرک ہیں۔

کمشنر لاہور  محمد علی رندھاوا کے مطابق اس سے قبل رواں سال لاہور میں زیادہ سے زیادہ 256 ملی میٹر بارش 26 جون کو ہوئی جب کہ گزشتہ سال 2022 میں لاہور میں 238 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی اور سال 2018 میں شہر میں 288 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

کمشنر لاہور نے بتایا کہ گزشتہ 30 سالوں میں لاہور میں اتنے کم وقت میں اتنی بارش نہیں ہوئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *